نیویارک : ایمیزون نے ہالی وڈ “ایم جی ایم” فلم اور اسٹوڈیو کو خریدنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایمیزون نے ایم جی ایم اسٹوڈیو اور اس کی گزشتہ 35 سال میں بنائی گئی 4 ہزار فلموں اور 7 ہزار سے زائد شوز کو ساڑھے 8 ارب ڈالر سے زائد میں خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ جس میں مشہور فلمیں جیمز بانڈ اور دی ہیبٹ بھی شامل ہیں۔
اس خریداری کا بنیادی مقصد ایمیزون کی ویڈیون اسٹریمنگ سروس “پرائم” پر ناظرین کے لیے زیادہ سے زیادہ نیا تفریح مواد پیش کرنا ہے اور یہ ایمیزون کی دوسری بڑی خریداری ہے۔ اس سے قبل 2017 میں ایمیزون نے امریکہ کا ایک ہول فوڈ گروسری اسٹور 14 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔
ایمیزون کی جانب سے ایم جی ایم اسٹوڈیوز کو خریدنے کی خبر حال ہی میں میڈیا انڈسٹری سے آنے والی دوسری بڑی خبر ہے، جس کا مقصد نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا مقابلہ کرنا ہے۔
ایمیزون نے ابھی اس بات کا اعلان نہیں کیا کہ کتنے لوگ اس کی ‘پرائم’ ویڈیو سٹریمنگ سروس دیکھتے ہیں، لیکن اندازے کے مطابق یہ تعداد 20 کروڑ ہو سکتی ہے کیونکہ ‘ایمیزون پرائم’ ممبر شپ لینے والوں کو کم وقت میں شپنگ اور ویڈیو اسٹریمنگ سروس کی سہولیات دیتا ہے۔
ایمیزون نے کہا ہے کہ وہ ‘ایم جی ایم’ کی وسیع لائبریری کا استعمال کرے گا ، جس میں ہالی ووڈ کی مشہور فلمیں راکی ، رابو کوپ اور پنک پینتھر شامل ہیں۔ اور انہیں نئی فلمیں اور شو بنانے کے لیے استعمال کرے گا۔
گرجتے ہوئے شیر کے نشان کے ساتھ مشہور ‘ایم جی ایم’ ہالی ووڈ کے سب سے قدیم اسٹوڈیو میں سے ایک ہے جو 1924 میں قائم ہوا تھا جب خاموش فلمیں بنتی تھیں۔