گرم اور پگھلے ہوئے لاوے پر بنا پیزا دنیا بھر میں مشہور ہوگیا

 گرم اور پگھلے ہوئے لاوے پر بنا پیزا دنیا بھر میں مشہور ہوگیا

 گوئٹے مالا: وسطی امریکہ میں شوقیہ باورچی نے گرم اور پگھلے ہوئے لاوے پر پیزا بنانا شروع کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ویسے تو پیزا کو خاص تندور میں 250 ڈگری سینٹی گریڈ پر پکایا جاتا ہے لیکن ایک شیف ایسا بھی ہے جو 1,000 ڈگری سینٹی گریڈ جتنے شدید گرم لاوے پر پیزا پکاتا ہے جو سوشل میڈیا پر ’آتش فشانی پیزا‘ اور ’لاوا پیزا‘ جیسے ناموں سے بھی مشہور ہورہا ہے۔ وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں آتش فشاں ’پاکایا‘ اس سال فروری سے اُبل رہا ہے جس کی وجہ سے آس پاس رہنے والے لوگ شدید خوفزدہ ہیں لیکن ڈیوڈ گارسیا نامی ایک مقامی اکاؤنٹنٹ اور شوقیہ باورچی نے اسی گرم اور پگھلے ہوئے لاوے کو اپنا باورچی خانہ بنا لیا اور وہاں پیزا پکانا شروع کردیا۔ 

 

گرم اور پگھلے ہوئے آتش فشانی لاوے پر پیزا پکانے کے لیے گارسیا نے عارضی میز کے علاوہ خصوصی کپڑوں، جوتوں اور برتنوں تک کا انتظام کیا ہوا ہے جو شدید گرمی برداشت کرسکتے ہیں۔تازہ پیزا پکانے کے لیے وہ آتش فشاں کے قریب ہی پیڑے بناتے ہیں اور انہیں خاص ٹرے میں پھیلا کر گرم سرخ لاوے پر جمی راکھ میں 10 سے 15 منٹ کے لیے رکھ دیتے ہیں۔ تیار ہوجانے کے بعد وہ مقامی گاہکوں اور سیاحوں کو گرما گرم پیزا بھی وہیں پیش کرتے ہیں۔

 ویسے تو اس پیزا کا باقاعدہ نام ”پاکایا پیزا“ ہے لیکن سوشل میڈیا پر یہ ’لاوا پیزا‘ اور ’وولکینو پیزا‘ (آتش فشانی پیزا) جیسے ناموں سے مشہور ہورہا ہے۔