اداکاری کے برعکس میزبانی مشکل اور بہت سوچ سمجھ کر بولنے والا کام ہے، نادیہ خان

اداکاری کے برعکس میزبانی مشکل اور بہت سوچ سمجھ کر بولنے والا کام ہے، نادیہ خان


اسلام آباد: پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ اداکاری کے برعکس میزبانی مشکل اور بہت سوچ سمجھ کر بولنے والا کام ہے کیونکہ اس کے لئے ہر وقت حاضر دماغی اور معلومات رکھنا بہت ضروری ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق نادیہ خان نے اداکار عمران عباس اور جویریہ سعود کی رمضان افطار ٹرانسمیشن میں شرکت کی جس میں انہوں نے عمران عباس کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ آج میں جیتی ہیں کیونکہ انہیں پرانی باتیں بالکل یاد نہیں رہتیں لیکن اپنے کیریئر میں آر جے بننا، اداکاری کرنا، میزبانی کرنا اتنا سب کچھ کر لیا یہ سب میرے لئے بہت خوشی کا باعث ہے اور 9 سال کے بعد دوبارہ اداکاری کرنا بہت اچھا لگ رہا اور ایسا لگ رہا کہ گولڈن ٹائم دوبارہ واپس آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے کامیڈی میں اداکار جیدی اور میزبانی اور انداز گفتگو میں فاروق قیصر سے بہت زیادہ متاثر ہوں کیونکہ وہ بہت عمدگی سے بات سے بات نکالتے ہیں، میں کیریئر کے آغاز میں کامیڈی اداکاروں کی نقل اتارتی تھی جو اب ڈرامہ ”ڈولی ڈارلنگ “ میں میرے کام آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں پر ہر وقت نظر رکھنا اور ٹیکنالوجی سے دور نہیں رکھا جاسکتا لیکن ٹیکنالوجی کا زیادہ استعمال بھی بچوں کے لئے بہت خطرناک ہے۔

آج کل مارننگ شوز کا رجحان ختم ہونے کے متعلق سوال کے جواب میں نادیہ خان کا کہنا تھا کہ مارننگ شو بجٹ مانگتا ہے اور آج کل ہر چیز نقصان میں جارہی ہے اس کے ساتھ ساتھ چینلز کے زوال کا وقت بھی آیا جس کی وجہ سے آہستہ آہستہ شوز کی مالی معاونت ختم ہوتی جارہی ہے چینلز بہت مشکل سے اپنی بقاءکی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداکاری تو ہر کوئی کر لیتا ہے لیکن میزبانی بہت سوچ سمجھ کر بولنے والا کام ہے کہ میں نے کوئی غلط بات تو نہیں کر لی میرے سامنے والے نے کوئی غلط بات تو نہیں کر لی اس لئے ہر وقت حاضر دماغی اور معلومات رکھنا بہت ضروری ہے۔