اسلام آباد: فواد چودھری نے قمری کیلنڈر کے بعد نئے مشن کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر سائینس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں اپنے آئندہ مشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قمری کیلنڈر کے بعد اگلا بڑا چیلنج کریڈٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈز کو موبائل فون پیمنٹ سے تبدیل کرنا ہے۔ ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے ادائیگیوں کا آسان ہونا لازمی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ انشااللہٰ چند مہینوں میں تمام ادائیگیاں بس کے کرائے سے گاڑی خریدنے تک موبائل سے ہوں گی۔
قمری کیلنڈر کے بعد اگلا بڑا چیلنج کریڈٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈز کو موبائل فون پیمنٹ سے replace کرنا ہے، ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے ادائیگیوں (payments) کا آسان ہونا لازمی ہے، انشااللہٰ چند مہینوں میں آپ کی تمام ادائیگیاں بس کے کرائے سے گاڑی خریدنے تک موبائل سے ہوں گی۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 27, 2019
خیال رہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے رمضان المبارک، عیدین اور دیگر اسلامی ایام میں چاند کی رویت دیکھنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے قمری کلینڈر لانے کا اعلان کیا تھا۔
فواد چوہدری نے گزشتہ روز چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح کیا اور بتایا کہ آئندہ 5 سال کے لیے قمری کلینڈر ترتیب دیتے ہوئے منظوری کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل بھجوا دیا ہے۔
فواد چوہدری کو قمری کلینڈر لانے اور رویت ہلال کمیٹی سے متعلق بیان بازی پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔