پنجاب حکومت کا9ارب روپے سے زائد کا تاریخی رمضان پیکیج، 318سستے رمضان بازار قائم

07:12 PM, 27 May, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے 9 ارب روپے سے زائدکا تاریخی رمضان پیکیج دیا جائے گا۔سستے آٹے کی فراہمی پر 8 ارب 78کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی،جس کے تحت رمضان المبارک میں 10کلو آٹے کا تھیلا125 روپے کی سبسڈی سے 250روپے میں ملے گاجبکہ20کلو آٹے کا تھیلا250روپے کی سبسڈی سے 500روپے میں دستیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کوریلیف مہیا کرنے کیلئے صوبہ بھر میں 318سے زائدسستے رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں جبکہ صوبے میں قائم ماڈل بازار بھی رمضان بازاروں کے طورپر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں زرعی فےئر پرائس شاپس قائم کردی گئی ہیں اوران زرعی فےئر پرائس شاپس پر چنے کی دال،بیسن،کھجور،سیب اور کیلا مارکیٹ سے 20روپے کم قیمت پر ملے گا،اسی طرح گھی،کوکنگ آئل،چکن،انڈے اورچینی بھی مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہوگی۔سحر و افطار کیلئے صوبہ بھر میں 2ہزار سے زائد مدنی دسترخوان قائم کیے گئے ہیں اوران دسترخوانوں پر مفت سحر و افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہئیں اور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اشیاء کی کوالٹی کیساتھ وافر دستیابی ہر صورت یقینی ہونی چاہیئے اور رمضان پیکیج کے تحت فراہم کئے جانیوالے ریلیف کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچنے چاہئیں۔ اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہونے چاہئیں جبکہ صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان اشیائے ضروریہ کی کوالٹی ، دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے رمضان بازاروں کے دورے کریں گے جبکہ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول روزانہ کی بنیاد پر رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کرے گی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام ہدایات کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکا م کو ہدایت کی کہ خریداری کیلئے آئے لوگوں کو رمضان بازاروں میں تمام ممکن سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں اور رمضان بازاروں کے باہر پارکنگ کا مناسب انتظام ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی چیز کی قلت یا عدم دستیابی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے۔ معیاری اشیاء صرف کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانا متعلقہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر سال کی طرح رواں برس بھی پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی حکومت نے ماہ مقدس کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے خصوصی پیکیج دیا ہے اورمیں تاریخی رمضان پیکیج کی خود نگرانی کررہا ہوں اوررمضان پیکیج کی پائی پائی عوام کو ریلیف کی فراہمی میں صرف کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک نیکیاں کمانے کامہینہ ہے لہذا انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو اپنے فرائض محنت اوردیانت سے سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو رمضان المبارک کے دوران حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

مزیدخبریں