مری: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھوربن میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومتی پالیسی کی وجہ سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ن لیگ نے ملک کے ہر حصے میں ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے تحمل اور برداشت سے مخالفین کی جانب سے لگائے جانے والے تمام الزامات کا سامنا کیا اور دن رات کام کرتے رہے اس وقت پاکستان کا نام دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں آ رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا 2013 میں پاکستان معاشی طور پر دیوالیہ ہونے جا رہا تھا اور دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے لیکن اب ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات کم ہو گئے ہیں اور کراچی میں بھی امن قائم ہو گیا اور اس شہر کی روشنیاں واپس لوٹ رہی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کی ترقی کو یقینی بنا رہے ہیں اور بیت المال کا بجٹ 2013 کے بعد ڈبل کر دیا گیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا خواتین اور بچوں کے لیے بجٹ دوگنا کر دیا گیا ہے اور وزیراعظم صحت کارڈ جلد اس علاقے کے لیے شروع کریں گے کیونکہ مسلم لیگ ن کی حکومت صحت اور تعلیم پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔
کہتی ہیں آج تمام صوبے شہباز شریف کو ادھار پر مانگنے کی درخواست کر رہے ہیں لیکن الزام لگانے والے اپنے صوبے میں ایک بھی نیا اسکول قائم نہ کر سکے۔ گزشتہ چار سالوں میں پاکستان میں ایک شخص نے صرف الزامات کی سیاست کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا پنجاب کے سوا جہاں کوئی کام شروع ہوئے وہ پورے نہ ہوئے تاہم توانائی کے وہ منصوبے پنجاب میں لگے جو 70 سال میں بھی نہیں لگے۔ مخالفین کہتے ہیں سڑکیں کیوں بناتے ہیں لیکن خود ان سے آدھا کلو میٹر بھی موٹروے نہیں بنی۔ ان کو یہ بھی نہیں پتہ سڑکیں روزگار اور معاشی ترقی کے لیے بنائی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے تحصیل اسپتال مری کو مکمل طور پراپ گریڈ، گرلز ہائی اسکول روات کو ڈگری کالج بنانے اور روات کے اسپتال میں زچہ بچہ سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں