باہو بالی دیکھنے کے لیے تین بچے گم گئے

02:17 PM, 27 May, 2017

ممبئی:بالی ووڈ کی فلم باہو بالی نے آتے ہی تہلکہ مچا دیا تھا اور اب تک یہ سینما گھروں میں دیکھی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں اس کے دیوانے ہوگئے ہیں لیکن بھارتی ریاست جے پور میں تین ایسے دیوانے بھی ہیں جنہوں نے پوری ریاست کی پولیس کو اپنے پیچھے لگا لیا۔ہوا کچھ یوں کہ بدھ کی شام جے پور پولیس کو اطلاع ملی کہ تین بچے جن کی عمریں آٹھ سے تیرہ سال کے درمیان ہیں لا پتہ ہیں اور ان کا کچھ پتہ نہیں چل رہا۔

بس پھر کیا تھا پوری ریاست کی پولیس بچوں کو ڈھونڈنے میں لگ گئی ۔لیکن رات بھر کی محنت سے بھی بچوں کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔جوتوارہ پولیس اسٹیشن جے پور کے سب انسپیکٹر گورو دت سینی کا کہنا ہے کہ ’ بدھ کی شام ہمیں یہ اطلاع ملی کہ تین بچے لاپتہ ہیں جن میں سے دو بھائی ہیں اور ایک ان کا دوست ہے اور ان کی عمریں آٹھ سے تیرہ سال کے درمیاں ہیں ‘ جب تمام پولیس نفری سے کچھ نہ بن پایا تو جوتوارہ پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ کمشنر کو خود معاملے کی تحقیقات میں کودنا پڑا اور بڑی تگ و دو کے بعد اگلے دن جب بچے مل گئے تو معلوم ہوا کہ تینوں باہو بالی دیکھنے گئے تھے اور خاص طور پر اس راز کو معلوم کرنے کہ آخر کار کٹپہ نے باہوبالی کو کیوں مارا؟ اسی جوش میں وہ والدین کو بغیر بتائے روانہ ہوئے لیکن ٹکٹ نہ ملا جس پر انہوں نے اگلے شو کا نتظار کیا۔سینما گھر میں ہی انتظار کرتے ہوئے ان کو جب اس بات کا احساس ہوا کہ اب ان کو بہت دیر ہو چکی ہے اور وہ گھر واپس گئے تو خوب ڈانٹ پڑے گی تو ان تینوں نے گھر نہ جانے کی ٹھانی اور جب مال سے باہر نکلے تو اندھیرا ہونے کی وجہ سے گھر کا رستہ بھول گئے اور بھٹک گئے ۔اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ تینوں بچے محفوظ ہیں اور بحفاظت والدین تک پہنچا دیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں