ایران شام میں خفیہ فوجی اڈہ قائم کررہا ہے ،امریکی حکام

ایران شام میں خفیہ فوجی اڈہ قائم کررہا ہے ،امریکی حکام

واشنگٹن:امریکی کانگریس کے دو سرکردہ ارکان نے اپنی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ایران شام میں فوجی اڈہ قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شام میں ایرانی فوجی اڈے کے قیام کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
عرب ٹی وی کے مطابق ری پبلیکن پارٹی کے رکن کانگریس پیٹر روسکام اور ڈیموکریٹس کے ٹیڈ ڈویچ نے وزیر دفاع جیمز میٹس اور وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن کو مکتوبات ارسال کیے ہیں جن میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایران شام کے راستے بحر متوسط تک رسائی کے لیے شام میں ایک فوجی اڈہ قائم کرنا چاہتا ہے۔مکتوبات میں خبردار کیا گیا ہے کہ شام میں ایرانی فوجی اڈے کے قیام کا مقصد بحیرہ روم کے قریب اپنی دفاعی تنصیبات اور دفاعی تیاریوں کو مضبوط بنانا ہے۔
رکن کانگریس پیٹر روسکام کا کہنا تھا کہ شام میں ایران کی مستقل موجودگی امریکی مفادات کے خلاف ہے۔ اگر شام میں ایران موجود رہتا ہے تو وہاں پر جاری خانہ جنگی کے خاتمے کی مساعی کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دونوں ارکان کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں ایران کے جنگی طیاروں کا تعاقب کرے اور اسدی فوج کے دفاع میں ایرانی فوجی کارروائیوں کو روکے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں