پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں 10 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہیں۔
مالاکنڈ کی تحصیل درگئی میں افغان مہاجر کیمپ کے قریب ایک موٹر کار نہر میں جا گری۔ حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ڈرائیور، 3 خواتین اور ایک بچی شامل تھی۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر واٹر سرچ آپریشن کر کے لاشوں کو نکال لیا اور انہیں درگئی ہسپتال منتقل کر دیا۔
شانگلہ کے علاقے الپوری میں ملک خیل کوٹکے کے قریب ایک جیپ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔