سٹیٹ بینک کا نیا فیصلہ: نئے کرنسی نوٹوں کی تقسیم کا پرانا نظام ختم

سٹیٹ بینک کا نیا فیصلہ: نئے کرنسی نوٹوں کی تقسیم کا پرانا نظام ختم

کراچی: عید پر نئے اور کرارے کرنسی نوٹ حاصل کرنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے، خاص طور پر بچوں کی عیدی کے بغیر عید کا مزہ ادھورا لگتا ہے۔ تاہم، نئے نوٹوں کی دستیابی محدود ہونے کی وجہ سے اکثر افراد کو یہ سہولت نہیں مل پاتی۔


نجی بینک کے ایک افسر کے مطابق، عید پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ کوئی بھی شخص اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ کسی بھی بینک سے براہ راست نئے نوٹ حاصل کر سکتا ہے، بشرطیکہ بینک کے پاس اسٹاک موجود ہو۔


بینکرز کے مطابق، اسٹیٹ بینک ہر سال کمرشل بینکوں کو نئے کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے، تاہم بینک اسٹیٹ بینک سے اضافی نوٹ جاری کرنے کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔ جو نوٹ اسٹیٹ بینک جاری کر دیتا ہے، بینکوں کو وہی مقدار قبول کرنی پڑتی ہے۔


بینکرز کا کہنا ہے کہ بینک کے عملے کے قریبی جاننے والے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں، اور زیادہ تر نئے نوٹ پہلے ہی مخصوص افراد میں تقسیم کر دیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے عام شہریوں کے لیے نئے نوٹ حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔


اسلام آباد میں حبیب بینک آئی-8 برانچ کے مینیجر رانا عمیر کے مطابق، 2 سے 3 سال قبل تک اسٹیٹ بینک خود ایک کوڈ کے ذریعے عوام کو نئے کرنسی نوٹ جاری کرتا تھا، تاہم اب یہ طریقہ کار ختم ہو چکا ہے اور اس حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔