گوگل کروم میں سنگین سکیورٹی نقص، فوری اپ ڈیٹ کی ہدایت

 گوگل کروم میں سنگین سکیورٹی نقص، فوری اپ ڈیٹ کی ہدایت

کیلیفورنیا: گوگل کروم استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم وارننگ جاری کر دی گئی۔ گوگل نے براؤزر میں سنگین سکیورٹی خامی کی تصدیق کرتے ہوئے فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، گوگل کروم میں CVE-2025-2783 نامی سکیورٹی بگ دریافت ہوا ہے، جو ہیکرز کو صارفین کے کمپیوٹرز تک رسائی دینے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ خامی خاص طور پر ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے کروم براؤزر میں پائی گئی ہے۔

آن لائن سکیورٹی کمپنی Kaspersky کے ماہرین نے اس خطرے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ہیکرز پہلے صارفین کو مشکوک ای میلز بھیجتے ہیں۔ ان ای میلز میں موجود لنکس پر کلک کرنے سے صارف ایسی ویب سائٹس پر پہنچ جاتے ہیں، جہاں سے بگ کمپیوٹر میں داخل ہو کر ڈیٹا چرا سکتا ہے۔

گوگل نے تسلیم کیا ہے کہ ہیکرز پہلے ہی اس خامی کو متعدد صارفین کے خلاف استعمال کر چکے ہیں، جس کے بعد فوری اپ ڈیٹ جاری کر دیا گیا ہے۔


گوگل کروم عام طور پر خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے، لیکن اگر صارفین کو یقین نہ ہو تو وہ درج ذیل طریقہ اپنائیں:

گوگل کروم کھولیں اور تھری ڈاٹ مینو (⋮) پر کلک کریں۔سیٹنگز (Settings) میں جائیں اور بائیں جانب موجود About Chrome کے آپشن پر کلک کریں۔
اگر کروم اپ ڈیٹ نہیں ہوا، تو وہ خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہونا شروع کر دے گا۔
اپ ڈیٹ مکمل ہونے کے بعد ری لانچ (Relaunch) پر کلک کریں، اور براؤزر اپ ڈیٹ ہو جائے گا۔
سکیورٹی ماہرین نے تمام صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ویب براؤزر کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے محفوظ رہا جا سکے۔