کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، سونے کی فی تولہ قیمت میں 3,200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 21 ہزار روپے ہوگئی۔ اسی طرح 10 گرام سونا 2,743 روپے مہنگا ہوکر 2 لاکھ 75 ہزار 205 روپے تک جا پہنچا۔
دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکہ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ ایشیا میں چین سب سے زیادہ ذخائر رکھتا ہے۔ بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان 49 ویں نمبر پر موجود ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کی رپورٹ کے مطابق، 2024 میں مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو پچھلی دہائی کی سالانہ اوسط خریداری کے تقریباً دُگنا کے برابر ہے۔
ماہرین کے مطابق، عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی، معاشی غیر یقینی صورتحال اور کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں