اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ اس کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بیشتر مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب، اسلام آباد اور زیریں خیبرپختونخوا میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں جزوی ابرآلود موسم رہے گا، اور یہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جن میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ اور دیگر شامل ہیں۔
بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، لیکن کوئٹہ، زیارت اور چمن جیسے علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔