مخصوص نشستوں پر حلف برداری کیس: پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا

مخصوص نشستوں پر حلف برداری کیس: پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونیوالے ممبران سے حلف نہ اٹھانے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

درخواست کی سماعت جسٹس سید عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمدپر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ،درخواستوں پر مسلسل دن تک سماعت ہوئی، صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل ارٹانی جنرل نے عدالت کی معاونت کی ،فیصلہ آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے ۔

دوران سماعت عدالت نے اسپیکر بابر سلیم سواتی کے وکیل سے دریافت کیا کہ کیا اسپیکر آئین اور قانون پر عمل درآمد نہیں کرنا چاہتے ہیں؟ کیا اسپیکر مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف نہیں لینا چاہتے ہیں؟

اس پر وکیل نے جواب دیا کہ آرٹیکل 109 کےتحت گورنر نے اجلاس طلب کرنےکے لیے خط سیکریٹری اسمبلی کو ارسال کیا، عدالت نے استفسار کیا کہ آرٹیکل 106 کےتحت ممبران مخصوص نشستوں پرمنتخب ہوئےان سے حلف لیا ہے یا نہیں؟ کسی نے عدالت میں گورنر کے خط کو چیلنج نہیں کیا ہے،

ہپشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے 3 سوالات ہیں کیا اسپیکر نے ممبران سے حلف لے لیا ہے،منتخب ممبران سے حلف لینے کا ارادہ ہے؟، مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو الیکشن کمیشن نے نوٹیفائی کیا ہے؟ 

بابر سلیم سواتی کے وکیل نے جواب دیا کہ گورنر اسمبلی اجلاس طلب نہیں کرسکتے ہیں۔عدالت نے اسپیکر اسمبلی کے خط پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب سیکریٹری اسمبلی قانون بنائے گا؟ اسپیکر خط کو چھوڑے اور یہ بتائے کہ کیا گورنر اجلاس طلب کرسکتا یا نہیں؟

وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اگر ایسا ہوتا رہا تو وزیر اعلیٰ کا اختیار تو ختم ہو جائے گا، ایک چوتھائی اپوزیشن نے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کیا ہے، اسپیکر گورنر کو خط لکھے گا جس پر گورنر اجلاس طلب کرے گا، اپوزیشن لیڈر نے بغیر طریقہ کار کے ہی سیکریٹری اسمبلی کو اجلاس بلانے کا گورنر کا خط دے دیا، جس پر سیکریٹری اسمبلی نے محکمہ قانون سے رائے طلب کی اور محکمہ قانون نے ایڈووکیٹ جنرل سے رائے طلب کی تھی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران الیکشن کمیشن سے نوٹیفائیڈ ہوچکے ہیں یا نہیں؟ کیا اسپیکر ان سے حلف لینا چاہتا ہے یا نہیں؟اس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی حلف لینا چاہتے ہیں لیکن اس طرح اجلاس بلا کر نہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسمبلی اجلاس صرف قانون سازی کے لیے نہیں بلکہ حلف لینے کے لیے بھی بلایا جاتا ہے، اکثریت کے باوجود حلف روکے ہوئے ہیں آپ کو کس چیز کا ڈر ہے؟

جس پر جسٹس عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ گورنر اجلاس صرف صوبائی حکومت یا وزیراعلٰی کی درخواست پر بلانے کا پابند ہے۔

اپوزیشن کے وکیل نے بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلہ بھی دیا، حلف نہ لینا لارجر بینچ کے اس فیصلے کی خلاف ورزی بھی ہے، اگر اسپیکر حلف نہیں لیتا تو گورنر بھی حلف لے سکتا ہے۔جس پر جسٹس عتیق شاہ نے دریافت کیا کہ کیا ممبران کی حلف برداری ہاؤس میں ضروری نہیں؟ وکیل اپوزیشن نے جواب دیا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے ممبران کو بلایا جائے تو بھی حلف براداری ہوسکتی ہے، گورنر کے پاس اجلاس بلانے کا اختیار ہے۔

جسٹس عتیق شاہ کا کہنا تھا کہ گورنر وزیر اعلی کی ایڈوائس پر اجلاس بلا سکتا ہے، لگتا ہے کسی نے تیاری نہیں کی بس سب صرف عدالت آگئے ہیں، گورنر کے پاس وزیراعلٰی، کابینہ کی سمری کے بغیر اجلاس بلانے کا آئینی اختیار نہیں۔جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ مسئلہ یہ ہےکہ جب حکومت میں ہوتے ہیں تو رویہ الگ ہوتا ہے، اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو پھر ان کا الگ رویہ ہوتا ہے، قومی اسمبلی میں آپ لوگ اور صوبائی اسمبلی میں یہ لوگ واویلا مچاتے ہیں، آپ لوگوں کو آئین سے کھلواڑ نہیں بلکہ پاسداری کرنی چاہیے، ممبران کا حلف اسمبلی اجلاس میں ہوتا ہے۔

اس موقع پر جسٹس عتیق شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیر اعلٰی کا حلف اسمبلی میں نہیں ہوتا۔

وکیل اپوزیشن نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے پاس اختیار ہے کہ سینیٹ انتخابات سے قبل اسپیکر کو اجلاس بلانے کا حکم دے دے۔

اسی دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل عدالتی معاونت کے لیے پیش ہوئے، اس پر جسٹس عتیق شاہ نے کہا کہ امید کرتے ہیں آپ کسی پارٹی کی نمائندگی کی بجائے عدالتی معاونت کریں گے،جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ یہاں بات آئین اور قانون کی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کوئی ممبر ووٹ یا اسمبلی کے کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتا جب تک حلف نہ لے لے۔

جسٹس شکیل احمد کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد مسئلہ حل ہوجائے گا، آپ یہی کہنا چاہتے ہیں، آپ کی باتوں سے تو یہی لگ رہا ہے، ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ نہیں میں آئین اور قانون پر بات کروں گا، گورنر وزیر اعلی کے ایڈوائس کے بغیر اجلاس نہیں بلا سکتا ہے۔

بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں کے ممبران سے حلف نہ لینے کے معاملے پر  فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

مصنف کے بارے میں