فواد چوہدری کا جلسے کی کوریج سے پرائیویٹ  چینلز کو روکنے  کی اطلاعات پر ردِ عمل

02:01 PM, 27 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے ’امر بالمعروف‘ جلسے کی کوریج سے پرائیویٹ  ٹی وی چینلز کو روکنے  کی اطلاعات پر ردِ عمل سامنے آگیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ  اس وقت پاکستان کا تمام میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کیلئے موجود ہے، بین الاقوامی میڈیا کے 43 سے زیادہ نمائندے پریڈ گراؤنڈ جلسے کی کوریج کیلئے ہوں گے، امربالمعروف جلسے کی عالمی کوریج ہو رہی ہے۔

 
فواد چوہدری نے مزید  کہا کہ پی ٹی آئی  کے  تمام ورکرز سے اپیل کرتا ہوں کہ میڈیا کے کارکنان، رپورٹرز اور عملے کو کام میں سہولت دیں،  دنیا کو میڈیا کی آنکھ نے ہی یہ عظیم جلسہ دیکھانا ہے ۔ تمام میڈیا چینلز اور ورکرز ہمارے لئے سر آنکھوں پر ہیں، جمہوریت کا حسن یہ بھی ہے کہ ہم تنقید بھی برداشت کریں۔

قبل ازیں اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ  پی ٹی آئی نے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے’امر بالمعروف‘ جلسے میں پرائیویٹ میڈیا کو کوریج کرنے سے روک دیا ہے اور پارٹی انتظامیہ نے جلسہ گاہ پر موجود  پرائیویٹ چینلز کی ڈی ایس این جیز  گاڑیوں کو جلسہ گاہ سے ہٹا دیا  ہے، جلسہ گاہ میں کسی بھی نجی  چینل کے کیمرا مین کو کوریج کی اجازت نہیں۔

دوسری جانب وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی کہا  کہ جلسے کی کوریج صرف سرکاری چینل کر سکے گا  جبکہ  تمام پرائیویٹ چینلز جلسے کی کوریج کی سہولت سرکاری ٹی وی کے ذریعے لے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں