عمران خان آئے گا اور چھاجائےگا, یہ دیکھتے رہ جائیں گے : شیخ رشید

12:38 PM, 27 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج عمران خان کا دن ہے،  اپوزیشن کی  نااہلی سے عمران خان کا کام آسان ہوگیا ہے،اپوزیشن  کو کچھ نہیں ملنےوالا ، عمران خان آئے گا اور چھاجائےگا اور یہ دیکھتے رہ جائیں گے ا ن کی اچکنیں لٹکی رہیں گی۔

اسلام آباد:وزیرداخلہ شیخ رشید کی میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شام 5 بجے وزیراعظم پریڈگراؤنڈ میں خطاب کریں گے، عمران خان دن کے وقت میں تقریر کرنا چاہتے ہیں،لوگ جلدی پہنچنے کی کوشش کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چاہتا ہوں بجٹ پاس کراکےہمیں عوام کے پاس جانا چاہئے،ان سے بات کرنی چاہئے، ہمیں ایک اچھا بجٹ دینا چاہئے پھر عوام سے ان کی رائے لینی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کابینہ میں غریب کی آواز ہوں،عمران خان میری بات کونظرانداز نہیں کرتے،  چاہتا ہوں اسمبلیوں میں مسائل زدہ لوگ آئیں تاکہ ملک کے مسائل حل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ کل جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی تھی، آج یہ اپنےشوق اور مرضی سے بیٹھے ہیں جس پر  دوسرا شوکاز نوٹس دیا ہے جس کے بعد  ان پر ایف آئی آر  بھی درج کرائیں گے۔اگر کوئی پھڈا ڈالنے کی کوشش کی تو چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ان کیخلاف کارروائی ہو گی۔اگرجے یو آئی سری نگر ہائی وے پر آتی ہے تو قانون حرکت میں آئےگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ آپ کا حق ہے آپ ریلی کریں لیکن جو وقت دیا گیا تھا وہ ختم ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو 28 مارچ کو جلسے کی اجازت دے رکھی ہے۔



مزیدخبریں