کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول ان کے سخت خلاف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں عامر لیاقت نے لکھا کہ ’لمحہ لمحہ بشری بھابھی کے لیے لڑتا رہا آج بتا رہاہوں وہ میرے سخت خلاف ہیں لیکن اب چونکہ ساتھ چھوٹنے والا ہے، تحریک عدم اعتماد( کامیاب ہو تو دکھ ناکام ہوتو بس پھیکی مسکراہٹ) کے بعد کہہ دیا ہے چھوڑ جاؤں گا پھر تم لوگوں کو میری موجودگی پر تاسف نہیں ہوگامگر بھابھی میں جانتاتھا پَرمیراظرف دیکھیے۔‘
واضح رہے کہ عامر لیاقت گزشتہ دنوں میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اپنی ناراضی کا اظہار کرتے آئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ منتخب اراکین پر غیر منتخب لوگوں کو فوقیت دی جاتی رہی لیکن ہمیشہ عمران خان کیساتھ کھڑا رہا ہوں اور تحریک عدم اعتماد تک ساتھ دوں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں عامر لیاقت کو ملاقات کیلئے اسلام آباد بلا لیا تھا جہاں عامر لیاقت نے اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کو قائل کر لیا ہے۔