کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس کو اپنے نئے ڈرامہ کیلئے شوٹ کی گئی ’ملک باتھ‘ کی ویڈیو پر انٹرنیٹ صارفین کی تنقید کے بعد وضاحت دینا پڑ گئی ہے۔
زارا نور عباس کی ایک ویڈیو گزشتہ دنوں سے انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہو رہی ہے جو نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے ان کے نئے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بنائی گئی ہے جس کے ایک سین میں اداکارہ تالاب میں دودھ سے غسل لینے کیلئے اتر رہی ہیں۔ تاہم انٹرنیٹ صارفین دودھ کے غلط استعمال پرشدید تنقید کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد زارا نور عباس کو ویڈیو سے متعلق وضاحت دنیا پڑ گئی اور انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر یہی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے اپنے وضاحتی پیغام میں لکھا کہ ’ یہ خالص دودھ نہیں بلکہ محض پانی ہے جس میں مصنوعی رنگ شامل کر کے رنگ تبدیل کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نہ صرف دودھ کے غسل بلکہ ڈرامہ میں دکھائی جانیوالی رسم پر بھی نالاں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایسی رسومات ہمارے مذہب کا حصہ نہیں بلکہ یہ ہندو مذہب کی رسم ہے۔