کراچی ، پاکستان کے معروف میوزیکل بینڈ اسٹرنگز بینڈ کے ارکان نے الوداعی ملاقات کی ۔ گروپ کے بانی بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے اس موقع پر لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے میوزک کو نئی جہتیں اوراندا ز سے نوازنے والا میوزیکل بینڈ اسٹرنگز اب نہیں رہا ۔ بینڈ کے ممبران نے الوداعی ملاقات کی اور اس موقع پر لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ۔
گلوکار بلال مقصود نے فیس بک پر فیصل کپاڈیہ اور دیگر دوستوں کے ساتھ لی گئی تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ فائنل بینڈ میٹنگ۔ٗ
یاد رہے کہ دو روز قبل بلال مقصود نے 33 سال تک قائم رہنے والے بینڈ اسٹرنگز کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بلال مقصود کے مطابق 33 سال ہم دونوں کے لیے بہترین رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کام کرنے کے مواقع بہت کم ملتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مداح ان کے اس فیصلے کی بھی قدر کریں گے۔
بلال مقصود کے مطابق اب ہمارا بینڈ تیکنیکی اعتبار سے ختم ہو گیا ہے مگر ہم دونوں کے درمیان ایک نہ ختم ہونے والا تعلق قائم ہو گیا ہے جو آئندہ بھی قائم رہے گا۔
بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر 1988 میں اسٹرنگز بینڈز تشکیل دیا تھا مگر بعد میں بینڈ میں صرف دو ہی افراد رہ گئے تھے۔