آصف زرداری کے سامنے سب بچے ہیں،اعتزاز احسن 

05:05 PM, 27 Mar, 2021

لاہور :پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قانون دان اعتزاز احسن کاکہنا تھا آصف علی زرداری کا سیاست میں کوئی ثانی نہیں ،وہ ہر طرح کے حالات میں سیاست کرنا جانتے ہیں ،آصف علی زرداری کے سامنے سب بچے ہیں ۔

اعتزاز احسن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پریگ میٹک پالیٹکس میں آصف زرداری کا کوئی مقابلہ نہیں ،وہ خود کو ہر چیلنج کیلئے تیار رکھتے ہیں ،انہیں جب بھی کوئی ٹارگٹ ملا  انہوں نے اس کو پورا کیا ،اپنے بیان کے حق میں دلیل دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ انہیں ٹارگٹ ملا کہ انہوں نے فاروق لغاری کے لیے ووٹ لینے ہیں اور انہیں صدر بنانا ہے، آصف زرداری نے یہ ٹارگٹ پورا کیا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کا ٹارگٹ تھا کہ انہوں نے خود صدر بننا ہے، اسٹیبلشمنٹ سمیت ہر کوئی ان کے خلاف تھا مگر تمام تر مشکلات کے باوجود انہوں نے نمبرز پورے کیے اور صدر بنے۔

معروف قانون دان اور پی پی رہنما نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں بھی پریگمیٹک پالیٹکس ہی کرنی ہے وہاں اخلاقیات کی سیاست نہیں ہو رہی،انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم میں ایسے ایسے لوگ موجود ہیں جو کہتے تھے کہ میری جائیداد یہاں بھی نہیں اور وہاں بھی نہیں اور ان لوگوں پہ کئی کئی مقدمات بنے ہوئے ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کچھ لوگ ایسی بڑی بڑی بیماریاں بنا کر لندن چلے جاتے ہیں، میاں صاحب نے ایسی بیماری بنائی کہ ہر کوئی سانس روکے بیٹھا تھا کہ اف اللہ میاں صاحب کو جہاز میں بیٹھاؤ اور لندن پہنچاؤ۔

مزیدخبریں