اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا وجود ختم ہوچکا ہے اور مسلم لیگ ن ملک کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ جب بھی ہم مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو حزب اختلاف حکومت کو کمزور سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم ملزم ہوتا ہے اور ہر بلانے والے ملزم کے ساتھ یکساں سلوک کرناچاہیے۔ ہم تمام جماعتوں سے الگ الگ رابطہ کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں دھینگا مشتی جاری ہے اور ہماری نظر میں پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پہلے ہی الیکشن اصلاحات کی بات کی تھی جو اس وقت مان لی جاتی تو سینیٹ انتخابات میں مذاق نہیں بنتا۔ قومیں وہی آگے جاتی ہیں جو ماضی سے سیکھتی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کی بچکانہ سیاست ن لیگ کو کہیں نہیں لے جا سکتی۔ مسلم لیگ ن ملک کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو عمران فوبیا سے نکل کر اپنی خامیوں پر توجہ دینی چاہیے۔ اداروں کے خلاف جانے سے آپ کی اپنی سیاست کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا ہے حکومت کی نظر میں پی ڈی ایم کا وجود ختم ہوچکا ہے اپوزیشن جماعتوں کو عمران فوبیا سے نکل کر اپنی خامیوں پر توجہ ڈالنی چاہیے۔