لاڑکانہ :انسداد دہشتگردی عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر زیادتی کیس میں نامزد دو ملزموں کو بری کر دیا ۔
نیو نیوز کے مطابق جج احمد لقمان میمن کی عدالت نے 8 سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل مقدمے کی سماعت کی جس میں پولیس نے ملزم وقار مغل اور عابد علی شیخ کو عدالت پیش کیا ۔دوران سماعت میڈیکل رپورٹ منفی آنے سمیت ناکافی شواہد کی بنا پر عدالت نے دونوں ملزموں کو بری کر دیا ۔
واضح رہے کہ 8 سالہ بچی صائمہ جروار کو 24 اپریل 2018 کو اغوا کے بعد جنسی درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔ملزموں پر بچی کے والد نسیم جروار کی مدعیت میں حیدری تھانہ پر مذکورہ ملزمان کے خلاف 39/2018 مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔
ملزمان کو پولیس نے جیو فینسنگ کے بعد پکڑنے کا دعوی کیا تھا ۔ عدالتی فیصلے کے بعد بری ہونے والے ملزمان خوشی میں روتے رہے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بے گناہ تین سال تک قید میں رکھا گیا ہم چاہتے ہیں جیسے ہمارے ساتھ انصاف ہوا بچی کے ساتھ بھی انصاف ہو۔