کورونا کیسز میں تیزی،این سی او سی کا خصوصی اجلاس آج طلب

08:38 AM, 27 Mar, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی اوسی کے سربراہ  اسدعمر  کی  زیرصدارت این سی او سی کا  خصوصی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ 

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزادار اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔  کورونا کیسز میں اضافے خصوصاً پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آنے والی کورونا کی تیسری لہر کا جائزہ لیا جائے گا۔  ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے بھی غور ہو گا۔

واضح رہے کہ   پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہوگئی ہے۔  24 گھنٹے میں 67 افراد انتقال گئے ۔ 4468 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے بڑھ گئی ۔ 

این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 67 افراد انتقال کر گئے۔ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14ہزار158 ہوگئی۔ 24 گھنٹے کےدوران 4468 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ کیسز  کی مجموعی تعداد  6 لاکھ 49 ہزار 824 ہوگئی۔2137 افراد صحت یاب ہوئے۔ اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد  5  لاکھ  93 ہزار282 ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 42 ہزار 384 تک پہنچ گئی ہےجن میں 2 ہزار 8 سو 42 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ تشویشناک مریضوں میں سے 84 گزشتہ روز ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔

پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیس صوبہ سندھ میں ہیں جہاں 2 لاکھ 64 ہزار 355 مریض ہیں جن میں سے 2 لاکھ 55 ہزار 511 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 4 ہزار 357 ایکٹو کیس ہیں جبکہ 4 ہزار 487 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 10 ہزار 95  مریض ہیں جن میں سے 1 لاکھ 82 ہزار 596 افراد صحت یاب ہوچکےہیں، 21 ہزار 309 ایکٹو کیس ہیں  اور پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6,190 ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں 83 ہزار 630  مریض ہیں جن میں سے 74 ہزار صحت یاب ہوچکے اور 7 ہزار 316ایکٹو کیسز ہیں  جبکہ 2 ہزار 274 افراد جاں جاں بحق ہوئے۔ صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار 453 کیسز سامنے آچکے جن میں سے 19 ہزار صحت یاب ہو چکے، 225  ایکٹو کیس ہیں جبکہ 205 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان میں 5 ہزار مریض سامنے آئے جن میں سے 4 ہزار 858 صحت یاب ہوئے جبکہ 103 افراد جان سے گئے اور صرف 29 ایکٹو کیسز ہیں۔ 

وفاقی دار الحکومت میں کورونا کے 55 ہزار 56 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 46 ہزار 623 مریض صحت یاب ہوچکے۔ 7 ہزار 876 مریض زیر علاج ہیں، 557 افراد جاں بحق ہوچکے۔ آزاد کشمیر میں 12ہزار 245 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 10 ہزار 631صحت یاب ہوگئے، 1272 ایکٹو کیس ہیں اور 342 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ 

مزیدخبریں