مساجد پر پابندی نہیں لگانا چاہتے، عوامی تحفظ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، شاہ محمودقریشی

12:12 PM, 27 Mar, 2020

ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مساجد پر پابندی کوئی نہیں لگانا چاہتا ،عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، کورونا وائرس ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مشینوں کا آرڈر دیا ہے،سب مل کر آگے بڑھ رہے ہیں، تمام علما اور صوبوں نے اتفاق کیا کہ اجتماعات سے گریز کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان رابطے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے صوبے اور مرکز رابطے میں ہوں گے جب کہ  ہیلتھ ورکرز کو محفوظ کرنے کے لیے فیصلے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس ٹیسٹ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مشینوں کا آرڈر دیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران سپلائی بحال رکھنے کے لیے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات کی گئی ہیں، سب مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام علما اور صوبوں نے اتفاق کیا کہ اجتماعات سے گریز کیا جائے، اتفاق ہوا ہے کہ مساجد میں اجتماعات کو محدود کیا جائے لیکن اجتماعات کے معاملے پر عوام کو ذہنی طور پرقائل کرنا پڑے گا، صرف نوٹیفکیشن نکالنے سے اجتماعات کا معاملہ حل نہیں ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مساجد پر پابندی کوئی نہیں لگانا چاہتا، ہم عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کل وزیر مذہبی امور کو سعودی حکام کی جانب سے خط آیا ہے، سعودی حکام نے خط میں کہا کہ حج سے متعلق اپنی تیاریوں کو روک لیں، سعودی حکام نے کہا ہے کہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

مزیدخبریں