لندن :بھارتی گلوکارہ کنیکا کپور نے رواں ماہ سوشل میڈیا پر انکشاف کیا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد گلوکارہ کو لاپرواہی برتنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
گلوکارہ میں کورونا وائرس کی تشخیص کے چند روز بعد برطانوی شہزادے چارلس میں بھی کورونا کی تصدیق ہوگئی اور اب ان دونوں شخصیات کے حوالے سے ٹوئٹر پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
کنیکا کپور کو گزشتہ کئی روز سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اب ان پر برطانوی شہزادے چارلس کو کورونا وائرس سے متاثر کرنے کا الزام بھی عائد کردیا گیا۔
یاد رہے کہ کنیکا کپور رواں سال 9 مارچ کو لندن سے ممبئی پہنچی تھی جس کے بعد وہ لکھنو روانہ ہوئیں جہاں ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
برطانیہ میں گزارے اپنے وقت کے دوران گلوکارہ نے کئی بڑے ایونٹس میں شرکت کی اور چند رپورٹس کے مطابق ان ایونٹس میں سے چند میں ان کی ملاقات شہزادہ چارلس سے بھی ہوئی۔
ٹوئٹر پر ان دونوں کی ملاقات کی چند تصاویر بھی وائرل ہورہی ہیں جن پر کچھ نے کنیکا کپور کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کچھ یہ سوچ کر پریشان نظر آئے کہ آخر ان دونوں میں کون کس کی وجہ سے متاثر ہوا۔