پشاور:صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے گوشت کی خرید و فروخت پر انگریز دور سے جاری ہفتہ وار ناغہ ختم کردیا گیا ہے۔
ضلعی حکومت کے اس اقدام کے بعد پشاور کے مشہور نمک منڈی بازار میں بھی روایتی کھانوں کی تیاری زور وشور سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں گوشت کی خریدوفروخت پر عائد ہفتہ وار ناغہ ختم کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیاہے۔ڈپٹی کمشنر نے پشاور میں پکے ہوئے گوشت کی خریدوفروخت منگل اور بدھ کے روز جاری رکھنے کا حکم دیاہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ان احکامات کے تحت ناغے کے دنوں میں جانور ذبح کرنے پر بدستور پابندی جاری رہے گی۔اس معاملے پر صوبائی وزیرخوراک قلندر لودھی نے تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے ، اس معاملے پر چیف سیکرٹری سے بات کروں گا۔