نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے رہا،جاتی امراءپہنچ گئے

09:31 AM, 27 Mar, 2019

لاہور:سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سپریم کورٹ کی جانب سے 6 ہفتوں کی ضمانت پر رہائی کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے جاتی امراءاپنے گھر پہنچ گئے ہیں جہاں پر انہوں نے سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملاقات کی اور ان کی دعائیں لی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد جاتی امراءاپنے گھر پہنچ گئے،سپریم کورٹ نے نوازشریف کو طبی بنیادوں پر چھ ہفتے کیلئے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔

پچاس پچاس لاکھ کے مچلکے جمع کرانے پر روبکار جاری کیا گیا،روبکار ملنے کے بعد نوازشریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا جبکہ سابق وزیراعظم کی رہائی پر کارکنان نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیںاور بھنگڑے بھی ڈالے۔

شہباز شریف نے بڑے بھائی کا استقبال کیا،والدہ سے ملاقات کی ،ماں نے بیٹے کو ڈھیروں دعائیں دیں۔نواز شریف کے جیل سے باہر آتے ہی متوالوں نے بھرپور نعر ے بازی کی، نواز شریف ہاتھ ہلا کر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے رہے ۔سابق وزیر اعظم کو 40 گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے جیل سے جاتی امراءتک پروٹو وکول دیا،لیگی کارکنوں نے نواز شریف کے قافلے پر پھول پتیاں نچھاور کیں ، جاتی امراءکے باہر متوالے ڈھول کی تھاپ اور پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے ۔

مریم نواز نے والد کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا اللہ کے بعد ن لیگ کے کارکنان کی بھی شکر گزار ہوں۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے طبی بنیاد وں پر نواز شریف کو 6 ہفتے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے ،عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق نواز شریف کا علاج ملک میں ہی ہوگا، وہ بیرون ملک نہیں جا سکیں گے،ضمانت 6 ہفتے بعد از خود ختم ہو جائے گی۔

مزیدخبریں