عالمی قوتیں افغانستان میں امن کے قیام کی کاوشوں میں حصہ ڈالیں: سرگئی لاروف

08:12 PM, 27 Mar, 2018

تاشقند: ازبک اور افغان حکام کی سربراہی میں دارالحکومت تاشقند میں 2 روزہ افغان امن کانفرنس ہوئی جس میں افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ افغانستان کے نصف حصے پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان روزانہ کی بنیاد پر ملک کے کسی نہ کسی حصے پر دھماکے کر کے تباہ کاریاں پھیلاتے ہیں جس کے خلاف افغان حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے، لیکن عالمی قوتوں کو بھی امن کے قیام کی کاوشوں میں حصہ ڈالنا چاہیے۔

یورپی یونین وفد کے سربراہ نے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ افغان حکومت کی امن پیشکش کا جواب دیں اور امن مذاکرات سے فائدہ اُٹھائیں جس سے خطے میں امن قائم ہو گا اور لوگ سکھ کا سانس لیں گے۔ اس جنگ سے سوائے انسانی جانوں کے نقصان اور معیشت کی تباہ کاری کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا ہے اور یہی صورت حال جاری رہے گی اگر امن مذاکرات نہیں ہوئے۔

کانفرنس میں ایران، پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بھارت، ترکی، چین، روس، امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں