واشنگٹن: حالیہ انکشاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کو ناقابل بھروسہ ایپ ثابت کر دیا جوکہ موبائل فون صارفین کے ٹیکسٹ میسیجز اور فون کالز کا ڈیٹا بھی جمع کر لیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیمبرج اینالیٹکا سکینڈل میں پھنسی فیس بک کے لیے ایک نئی پریشانی کھڑی ہوگئی ، فیس بک کو اب اینڈروئیڈ فونز پر فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کی فون کالز اور میسیجز کا ڈیٹا جمع کرنے کے الزام کا بھی سامنا ہے۔
مارک زکربرگ کی جانب سے گزشتہ روز امریکا اور برطانیہ کے اخبارات میں ایک صفحے کا معافی نامہ چھپوایا گیا ، اس کے بعد کچھ صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کیا جس میں دیکھا گیا کہ اینڈروئیڈز فون استعمال کرنے والے صارفین کے فون کالز کا ریکارڈز بشمول تاریخیں، وقت، کال کا دورانیہ، کال کرنے والے فرد کا نام اور فون نمبرز وغیرہ تک کا ڈیٹا فیس بک جمع کرلیتی ہے۔
فیس بک انتظامیہ نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ایسا صرف اُن صارفین کے ساتھ ہوسکتا ہے جنہوں نے اینڈروئیڈ جیلی بین (ورژن 4.1) استعمال کیا۔
اس کے لیے فیس بک پہلے آپریٹنگ سسٹم میں فون کونٹیکٹس تک رسائی کے ساتھ کال اور ٹیکسٹ لاگز تک بھی رسائی کی اجازت مانگتی تھی۔
اجازت ملنے کے بعد رسائی حاصل کرلی جاتی تھی تاہم چند سال بعد اس آپشن کو ختم کردیا گیا تھا لیکن تب تک جن افراد کا ڈیٹا جمع کیا چکا تھا اسے ختم نہیں کیا جاسکا۔