لاہور: وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ریسکیو سروسز اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ریسکیو 1122 کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آج ایک فعال ادارہ بن چکا ہے۔ سیلاب یا کسی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 نے بہترین مظاہرہ کیا۔ وسائل کا بہترین استعمال کرنے والی قومیں ابھر کر سامنے آتی ہیں۔ ڈی جی ڈاکٹر رضوان خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آج یہ ادارہ کسی بھی عالمی ادارے کے مقابلے میں کم نہیں۔
شہباز شریف نے کہا پچھلی حکومت میں سروسز اسپتال کی عمارت پر لگنے والا پتھر بھارت سے آیا۔ یہ مہنگا ترین پتھر بھاری زرمبادلہ خرچ کر کے منگوایا گیا۔ یہ قیمتی پتھر عوام کی غربت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا یہ قومی خدمت نہیں اسپتال کے باہر قیمتی پتھر اندر علاج کی سہولت نہ ہو۔ میں نے سنگ مر مر کا ٹھیکہ منسوخ کروا کے 90 کروڑ روپے کی بچت کی۔ جو آج چور چور کا نعرہ لگاتے ہیں وہ پہلے کراچی کو تو ٹھیک کر لیں۔ ان لوگوں نے قومی خزانے کو لوٹا۔ پنجاب بینک میں 50 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریسکیو 1122 کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اس سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں 90 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے ریسکیو 1122 کی سروس اکیڈمی کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ریسکیو اہلکاروں کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں شرکت کی۔
پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں 10 خواتین سمیت 500 ریسکیو اہلکار پاس آﺅٹ ہوئے اس کے علاوہ ریسکیو اہلکاروں نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں اپنی جدید مہارتوں کے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو متاثر کیا جبکہ شہباز شریف بھی 1122 ریسکیو اہلکاروں کو تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں