کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، سوئی میں مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق، 25 زخمی ہوگئے جبکہ خضدار میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، ڈیرہ بگٹی میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔پاک فوج، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔بارشوں سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں طوفانی بارش سے پیدا صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی آپریشن شروع کردیا ہے۔ایک ہزار خاندانوں کا راشن، ٹینٹ، کمبل، برتن اور دیگر سامان روانہ کردیا ہے۔