اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، ذرائع کے مطابق شہریار آفریدی کےاستعفی کے بیان کے بعد 27 سے زائد ممبران نے استعفے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق شاندانہ گلزار اور شیر افضل مروت سمیت متعدد ممبران نے پارٹی قیادت کی نااہلی پر احتجاج بھی کیا۔پی ٹی آئی و سنی اتحاد کونسل ممبران اسمبلی نے اختلافات کی وجہ سے پارلیمانی پارٹی اجلاسوں میں شرکت سے معذرت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنماوں کا شکوہ ہے کہ سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور قومی اسمبلی میں سینئر قیادت کمیٹیوں کے لئے کمپرومائزڈ ہے ۔ ممبران کا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی و رہنماوں کی رہائی کی بجائے قیادت عہدوں کے لئے کوشاں ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 21 ممبران اسمبلی پر مشتمل اپنا گروپ بنانے پر بھی مشاورت ہوئی۔بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے، جلسے اور احتجاج پر عملی اقدام نہ کرنے کی صورت میں فارورڈ بلاک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم بیرسٹر گوہر خان اور عمر ایوب خان کو ممبران اسمبلی نے سنجیدہ کوشش کرنے کا پیغام بھجوایا۔