روسی خام تیل کا دوسرا جہاز کراچی بندرگاہ پر پہنچ گیا

روسی خام تیل کا دوسرا جہاز کراچی بندرگاہ پر پہنچ گیا
سورس: File

کراچی:   55 ہزار ٹن روسی خام تیل کا دوسرا کارگو  کراچی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق  خام تیل  کی منتقلی کا کام آج ہی شروع ہونے کا امکان ہے.

جہاز کی برتھنگ پلان فائنل ہوتے ہی جہاز کو آئل پیئر پر لگایا جائے گا۔

جہاز فی الوقت آؤٹر اینکریج میں لنگر انداز ہے جو کراچی پورٹ کی حدود کہلاتی ہے۔ 

یاد رہے پہلا روسی  تیل بردار جہاز کراچی کی بندرگاہ پر 12 جون کو 45 ہزار ایک سو بیالس میٹرک ٹن خام تیل لیکر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز  ہوا تھا۔

حکومت نے رواں سال اپریل میں 1 لاکھ  ٹن روسی خام تیل کا پہلا آرڈر دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کی شرائط و ضوابط پر مہینوں طویل مذاکرات کے بعد دیا تھا۔

تیل کی صنعت کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ  پاکستان ریفائنری لمیٹد(PRL) اس وقت روسی خام تیل کو صاف کرنے کے عمل میں ہے تاکہ انتہائی ضروری پٹرولیم مصنوعات تیار کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ روسی خام تیل کو عربین خام تیل کے ساتھ ملایا جا رہا تھا، جو چند روز قبل ضروری تیل کے لیے پی آر ایل آرڈر کے بعد پہنچا تھا۔

واضح رہےپاکستان اپنے خام تیل کا 70 فیصد درآمد کرتا ہے، جسے پی آر ایل، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ، اور بائیکو پیٹرولیم کے ذریعے صاف کیا جاتا ہے۔ بقیہ 30 فیصد مقامی طور پر اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے ذریعہ تیار اور بہتر کیا جاتا ہے، جو ایک ملکی ادارہ ہے۔

مصنف کے بارے میں