اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2.85 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس پر ملک بھر میں سفر کے دوران ماسک کو لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 382 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جبکہ انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیر علاج کورونا کے مریضوں کی تعداد 87 پہنچ چکی ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 6.17 فیصد، صوبہ خیبرپختونخواہ میں 1.15 فیصد، صوبہ پنجاب میں 1.17 فیصد اور آزاد کشمیر میں 2.94 فیصد اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2.31 فیصد رہی۔
شہر قائد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 22.65 فیصد، لاہور میں 2.76 فیصد، پشاور میں 3 فیصد، راولپنڈی میں 1.05 فیصد، حیدرآباد میں 0.32 فیصد، مردان میں 2.44 فیصد، سرگودھا میں 1.64 فیصد، مظفر آباد میں 6.25 فیصد، ایبٹ آباد میں 4.17 فیصد اور نوشہرہ میں 5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب مختلف شہروں کورونا کیسز میں معمولی اضافے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک کے اندر تمام ڈومیسٹک پروازوں، ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ سفر کے دوران ماسک کا استعمال لازمی کریں تا کہ کوویڈ سے محفوظ رہیں اور اس کے دوبارہ پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔
کورونا کے باعث مزید 2 ہلاکتیں، سفر کے دوران ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا
03:00 PM, 27 Jun, 2022