روس بیرونی ادائیگیوں کے معاملے میں دیوالیہ ہو گیا

02:42 PM, 27 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

ماسکو: روس بیرونی ادائیگیوں کے معاملے میں دیوالیہ ہو گیا ، ایک صدی بعد روس بونڈز کی عالمی مارکیٹ میں ڈیفالٹ کر گیا ۔

تفصیلات کے مطابق عالمی اقتصادی پابندیوں کے باعث روس عالمی مارکیٹ میں ڈیفالٹ کر رہا ہے ۔ روس نے اتوار کو بونڈز پر 10 کروڑ ڈالر منافع ادا کرنا تھا جو نہیں کر پایا ۔ روس نے دیوالیہ ہونے سے بچنے کی پوری کوشش کی لیکن ناکام رہا ۔

واضح رہے کہ روسی سینٹرل بینک نے یورپ کے بینک یورو کلیئر کو دس کروڑ ڈالر ادا کئے لیکن پابندیوں کے باعث منافع کی رقم بونڈ ہولڈرز تک نہیں پہنچ پائی ۔

اس سے قبل روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا تھا کہ روس جوہری صلاحیت کے حامل مختصر فاصلے تک مار کرنے والا میزائل نظام آنے والے مہینوں میں اپنے اتحادی بیلاروس کو فراہم کرے گا ۔ اسکندر-ایم نظام 'بیلسٹک اور کروز میزائل فائر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ روسی فوج نے یوکرائن کے بڑے شہر پر بھی قبضہ کرلیا ہے ۔

خیال رہے کہ بیلا روس کو دیا جانے والا میزائل نظام 500 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ صدر پیوٹن کے 24 فروری کو یوکرائن پر حملہ کرنے کے فیصلے کے بعد سے روس اور مغربی ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے ۔

مزیدخبریں