لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی سیشن عدالت نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج یاسین موہل نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی جس دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کئے جس کے بعد جج نے اپنا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، سبطین خان، ثانیہ کامران، سعدیہ سہیل، شیر اکبر، زینب، عمر آفتاب، میاں عاطف اور عمر آفتاب کی عبوری ضمانت میں توسیع کی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے درج ہے جبکہ ضمانت میں توسیع کے بعد یاسمین راشد نے سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔