اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی عمران خان سے ملاقات، ضمنی انتخابات پر بحث

10:25 AM, 27 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے سینیٹر عون عباس اور مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات کی جس میں ضمنی انتخابات اور جلسوں کے شیڈول سمیت دیگر امور پر بحث کی گئی ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اور آئی جی پنجاب کو دیکھ رہا ہوں ۔ یہ چوروں کا ساتھ نہ دیں ۔ موجودہ حکمران امپائر سے مل کر ضمنی انتخابات میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم لوٹوں کو شکست دیں گے ۔

لاہور میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ امپائروں کے باوجود امریکا کے غلاموں کو ہم شکست دیں گے ۔ الیکشن کمیشن پر کسی کو بھی اعتبار نہیں ۔ امپائر ساتھ ہونے کے باوجود چوروں کو شکست دینی ہے ۔ عوام ان چوروں کے خلاف ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ راؤ سردار کو میں نے ہی لگایا تھا وہ ایماندر آدمی ہے ۔ آئی جی پنجاب کو کہتا ہوں کہ آپ کو قانون کے مطابق چلنا ہے ۔ آپ قانون کے مطابق نہیں چلے تو لوگ آپ کو معاف نہیں کریں گے ۔ لوٹے کسی صورت اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ موجودہ حکومت ناجائز اور امپورٹڈ ہے ۔ چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا ۔

عمران خان نے کہا کہ یہ صرف امپائر کو ساتھ ملا کر الیکشن جیت سکتے ہیں ۔ یہ صرف ایک حلقے کا نہیں پاکستان کا الیکشن ہے ۔ گھر گھر جا کر لوگوں کو تیار کرنا ہے ۔ لوٹے ضمیر بیچ کر حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں ، اب عوام نے بدلا لینا ہے اور ان لوٹوں کو شکست دینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس سے لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے ، غنڈہ گردی کی جارہی ہے ۔ ملک نواز اعوان میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں ، ملزم حمزہ اور اس کے والد چیری بلاسم شہباز شریف کو شکست دینی ہے ۔ ہم نے بیرونی سازش سے مسلط ہونیوالوں کو ناکام بنانا ہے ۔

مزیدخبریں