ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے، مریم اورنگزیب

07:13 PM, 27 Jun, 2021

لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کر کے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کیے جائیں۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اختیار قومی احتساب بیورو (نیب) کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے جبکہ غنڈہ گردی اور نیب گردی کر کے ٹیکس ریونیو میں اضافہ نہیں ہوتا اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد یہ نیا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں، ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیں اور ایف بی آر سے  یہ اختیار نیب کو دینے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کی جائے اور سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کیے جائیں اور 3 سال میں نیب نیازی گٹھ جوڑ کی غنڈہ گردی نے ملک اور معیشت کو تباہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر افسران کا ٹیکس دہندگان کو گرفتار کرنے کا اختیار مکمل ختم کیا جائے اور یہ فسطائی اقدامات عمران صاحب کے فسطائی اور بیمار ذہن کی عکاسی ہیں۔

مزیدخبریں