اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چودھری نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے کو زبان کی لغزش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ریاست پاکستان، القاعدہ اور اسامہ بن لادن کو دہشت گرد سمجھتی ہے۔
نجی چینل کو انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ متنازع بیان کی وضاحت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حق میں ووٹ دیا اور دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔
فواد چودھری نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور حکومت اپنے مؤقف میں بالکل واضح ہے لیکن مقامی میڈیا وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو بڑھا چڑھا کر پیش کرے گا تو بین الاقوامی میڈیا ایشو بنائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے امریکا سے تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں واشنگٹن کی مدد کے باوجود کافی تذلیل کا سامنا کرنا پڑا اور پھر افغانستان میں امریکا کی ناکامی کا الزام بھی اسی پر لگا دیا گیا۔
انہوں نے ایک واقعہ، جسے انہوں نے پاکستان کے لیے باعث 'شرمندگی' قرار دیا، یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'امریکیوں نے ایبٹ آباد آکر اسامہ بن لادن کو قتل، شہید کردیا، اس کے بعد کیا ہوا؟ پوری دنیا نے ہمیں ملامت کیا اور ہمارے خلاف بات کی'۔