اسلام آباد: سٹیٹ بینک کی جانب سے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے ایک اورسنگ میل عبور کرلیا ہے۔
یہ خوشخبری وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے عوام کو دی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری ایک بلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ دو ماہ قبل ایک ارب ڈالر کے ریکارڈ کے بعد یہ دوسرا بڑا ریکارڈ ہے۔
وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ جمعے تک اوورسیز پاکستانیوں نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
خیال رہے کہ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر رواں سال فروری میں کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کہا گیا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے ترسیلات زر کیلئے 500 ملین ڈالر کا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے۔
Good news from SBP. #RoshanDigitalAccount achieves more milestones. Inflows crossed $1.5 bn on Friday, with investment in Naya Pakistan Certificates surpassing $1 bn. Accounts & deposits have set new records since the $1 bn event 2 months ago. https://t.co/sEe2wiOYrG pic.twitter.com/hAIx2Rko4Z
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 27, 2021
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا باقر نے کہا تھا کہ سٹیٹ بینک کیلئے آج انتہائی خوشی کا دن ہے۔ 97 ممالک سے اوورسیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوائے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ صرف 5 ماہ میں 97 ممالک سے 88 ہزار اکاؤنٹ کھولے گئے۔
رضا باقر نے کہا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنا اکاؤنٹس گھر بیٹھ کر استعمال کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے 88 ہزار بیرون ملک مقیم پاکستانی مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اندازے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد 70 سے 90 لاکھ ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے فنڈز میں تیزی آ رہی ہے۔ سیٹٹ بینک نے جو اقدامات کئے اس سے پہلے نہیں کئے گئے۔ رضا باقر نے بیرون ملک پاکستانیوں کو دعوت دی کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو آزمائیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی وجہ سے سرمایہ کاری میں آسانی ہوگی۔ اوورسیز پاکستانی رئیل سٹیٹ اور کنسٹرکشن میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔