مائیکروسافٹ نے ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کرا دیا  

09:17 AM, 27 Jun, 2021

کیلیفورنیا: امریکا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کمپنی نے بالاخر طویل عرصے کے بعد ونڈوز کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے جسے ونڈوز 11 کا نام دیا گیا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ونڈوز کو جدید کرنے اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے بنیادی سسٹم کی شرط کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چونکہ طویل عرصے میں کمپیوٹرز میں بہت زیادہ تبدیلیاں آئی ہیں، اس لئے ونڈوز 11 کی انسٹالیشن کیلئے کمپیوٹر کو اپ گریڈ کرنا بھی لازمی ہے۔

کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ونڈوز 11 سسٹم کی شرائط دیکھنے کیلئے مائیکروسافٹ نے صارفین کیلئے پی سی ہیلتھ چیک جاری کیا ہے جس کی مدد سے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کمپیوٹر ونڈوز 11 استعمال کرنے کے قابل ہے یا نہیں اور اس میں کس چیز کی کمی ہے؟

مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری ایک بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ونڈوز 11 کیلئے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں سیکیورٹی چپ 2.0 ہونا بہت ضروری ہے، تاہم اگر کسی صارف کے کمپیوٹر میں یہ چیز نہیں ہے، تب بھی اسے استعمال کر سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر کے صارفین رواں سال کے آخر تک اپنی موجودہ ونڈوز کو ونڈوز الیون سے بالکل مفت اپر گریڈ یا ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، جس کیلئے سسٹم کی شرائط پوری ہونا لازمی ہیں۔

ونڈوز الیون کا یوزر انٹرفیس ونڈوز 10 ایکس سے مشابہت رکھتا ہے جس کو پہلے ڈوئل سکرین ڈیوائسز کیلئے متعارف کرائے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی البتہ چند وجوہات کی بنا پر اس کو پیش نہیں کیا گیا۔

اس میں ایک مکمل نیا سٹارٹ مینیو، ونڈوز سٹور اور ریفریشنگ ڈیزائن شامل ہے۔ مائیکروسافٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد صارفین کو بہتر کارکردگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے ویژول تبدیلی کو ’سن ویلی‘ کا نام دیا ہے۔

کمپنی نے زیادہ توجہ انٹر فیس اور مکمل تبدیل شدہ لے آؤٹ ڈیزائن پر دی ہے۔ عام الفاظ میں اسے یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ مائیکروسافٹ نے بہتری کیلئے اسے نئے انداز سے ڈیزائن کیا ہے۔

ٹیک جائنٹ مائیکرو سافٹ نے 24 جون کو ونڈوز الیون ونڈوز 11متعارف کروائی، جس کا انٹرفیس بالکل تبدیل ہے جبکہ اس میں پہلے سے زیادہ جدید فیچرز ہیں۔

مزیدخبریں