اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل دینے کے عمل کو مسترد کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آبادی کا تناسب تبدیل کر کے بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے، بھارت پر تمام غیر قانونی ڈومیسائل منسوخ کرنے کے لیے زور ڈالا جائے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکے۔ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کرنا عالمی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کے بھی خلاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینا غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔ 25 ہزار بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کرنے کو مسترد کرتے ہیں۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ’اسرائیل طرز‘ کی مکروہ سازش کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔
بھارت نے اسرائیل کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی ہیت، آبادی کا تناسب تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے نئے ڈومیسائل قانون کا اطلاق شروع کر دیا۔
مودی سرکاری نے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل اجراء کا آغاز سرکاری افسران سے کیا ہے۔ بھارتی ایڈمنسٹریٹو سروس کے آفیسر نوین چوھدری کو مقبوضہ کشمیر کا پہلا ڈومیسائل جاری کیا گیا ہے۔ سرکاری آفیسر کا تعلق ریاست بہار سے ہے۔ نوین چوھدری کو 24 جون کو ضلع جموں کے گاؤں گاندھی نگر کے پتے پر ڈومیسائل اجراء کیا گیا۔