اسلام آباد :پاکستان نے سکھوں کے مقدس عبادت گاہ گوردوارہ کرتارپور صاحب دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہاکہ دنیا بھر میں عبادت گاہیں دوبارہ کھول دی گئی ہیں، پاکستان سب سکھ زائرین کے لئے کرتارپور گوردوارہ دوبارہ کھولنے جارھا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت سے کہا گیا ہے کہ 29جون سے گوردوارہ کرتارپور کھول دیا جائےگا،بھارت گوردوارہ دوبارہ کھولنے کے حوالے سے اپنی سائیڈ پر انتظامات مکمل کرلے، گوردوارہ دوبارہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر کھولا جارھا ہے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کو کرتار پور راہداری 29 جون سے کھولنے پر آمادگی سے آگاہ کر دیا۔
عائشہ فاروقی نے کہاکہ کرتار پور راہداری کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ برس 9 نومبر کو کیا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بابا گرو نانک کی 550 ویں سالگرہ تقریبات کے موقع پر کرتار پور راہداری کھول کر سکھ یاتریوں اور عالمی برادری کی دیرینہ خواہس پوری کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کرتار پور راہداری صحیح معنوں میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے،بھارت سمیت دنیا بھر میں سکھ برادری کی جانب سے حکومت پاکستان کے اس سنگ میل اقدام کو بھرپور طور پر سراہا گیا۔
عائشہ فاروقی نے کہاکہ سکھ مزہب کے بانی اور پہلے گرو بابا گرو نانک صاحب نے اپنی زندگی کے آخری 18 برس کرتار پور میں بسر کئے۔ عائشہ فاروقی نے کہاکہ کوویڈ 19 وباءکے پیش نظر راہداری کو رواں برس 16 مارچ کو عارضی طور پر بند کیا گیا۔ عائشہ فاروقی نے کہاکہ دنیا بھر میں مذہبی مقامات آہستہ آہستہ کھل رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کی تیاریاں کی ہیں ۔
ترجمان کے مطابق صحت کے حوالے سے راہنمائی میں پاکستان نے بھارت کو راہداری کے دوبارہ کھلنے پر ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کےلئے دعوت دے دی.