این اے 53 اسلام آباد سے عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

01:02 PM, 27 Jun, 2018

اسلام آباد: ایپلٹ ٹربیونل نے عمران خان پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے این اے 53 اسلام آباد سے عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔عمران خان کے کاغذات پر ہارون ارشد شیخ نے اپیلٹ ٹریبونل میں اعتراض دائر کر رکھا تھا۔ 

خیال رہے عوام کی فلاح و بہبود کی شق این پُر نہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے تھے۔ آج عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلٹ ٹریبونل میں سماعت ہوئی۔ ٹریبونل کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔

مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی این اے 57 سے نااہل قرار

عمران خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے اور انہوں نے حلف نامے کی شق این پُر کر دی۔ عمران خان نے فارم کی شق این میں نوٹ لکھا میں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نمل یونیورسٹی بنائی، کینسر اسپتال بنایا، عوام کو اپنے آئینی حقوق کی جدوجہد کرنے کا شعور دیا ہے۔ فارم مکمل کرنے کے بعد عمران خان نے میڈیا کے سامنے آنے سے گریز کیا اور عقبی دروازے سے واپس چلے گئے۔

ادھر الیکشن ٹریبونل نے این اے 243 کراچی سے بھی عمران خان کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرارد ے دیا۔ ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل مسترد کر دی گئی۔ الیکشن ٹریبونل نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست گزار کا تعلق متعلقہ حلقے سے نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیم پاکستان کی بقاء کیلئے ضروری ہیں، چیف جسٹس

خیال رہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت حلف نامے کی شق این کو پُر کرنا ضروری ہے جو کہ عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق کام کے حوالے سے ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں