اسلام آباد :حکومت نے گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔آئی ایم ایف کی شرط پر عملدرآمد کیلئے وفاقی حکومت نے گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ 16 سو ارب روپے سے کم کر کے 12 سو ارب روپے تک لایا جائے گا، حکومت نے گردشی قرضے میں 4 سو ارب روپے سے زائد کمی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق جلد 415 ارب روپے سے زائد جاری کرنے کی اجازت دی جائے گی، وزارت خزانہ، وزارت توانائی نے گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کا پلان مکمل کر لیا جو آئی ایم ایف کے ساتھ بھی شیئر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کا پلان آئی ایم ایف سے منظور ہونے کے بعد رقم جاری کرنے کی اجازت دی جائے گی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے تک گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی لانا چاہتے ہیں۔