اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کی پریس کانفرنس دیکھیں، شرم آتی ہے، یہ غیر سیاسی لوگ ہیں اور انہیں عقل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) احمقانہ پالیسی پر گامزن ہے اور رانا ثناءاللہ اور مریم اورنگزیب جیسے لوگ غیرسیاسی لوگ ہیں، ان کی سیاست ختم ہو گئی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ ناراض لیگ بن رہی ہے، وفاقی حکومت وینٹی لیٹر پر ہے اور دباؤ میں (ن) لیگ کی پوری قیادت بکھر گئی ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کے فریم ورک پر بات ہو۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے اور اسی بینچ کے فیصلے پر عمران خان کو جانا پڑا تھا، فیصلے پر ہمارے تحفظات ہیں جبکہ ہم کور کمیٹی میں فیصلہ کریں گے کہ اسلام آباد میں کب تبدیلی لانی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ الیکشن کمشنر کی موجودگی میں صاف شفاف انتخابات ممکن نہیں، موجودہ الیکشن کمشنر میں شرم اور حیا ہو تو مستعفی ہوجائیں، اگر ہم نے اس حکومت کو ردعمل دیا تو یہ نہیں رہ سکیں گے، وفاقی حکومت کو فارغ کرنا مشکل نہیں ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد پنجاب کی کابینہ حلف اٹھائے گی، تحریک انصاف سوائے سندھ کے پورے ملک میں حکومت قائم کر چکی ہے، تین مہینے پہلے ان تین ججز نے فیصلہ کیا تھا جس پر عمران خان کو حکومت سے جانا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پنجاب میں گورنر راج لگانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے اور اگر پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تو گورنر راج لگانے کیلئے یہ جواز کافی ہو گا۔