اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کل صوبائی دارالحکومت لاہور کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کل لاہور پہنچ کر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات بھی کریں گے جبکہ عمران خان کو پنجاب میں حکومت سازی کے امور پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ وہ پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے بھی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پرویز الٰہی اور دیگر شخصیات سے ملاقاتوں میں پنجاب حکومت کی کارکردگی اور روڈ میپ پر بھی بات ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا تھا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے پرویز الٰہی سے حلف لینے سے انکار کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رات گئے ایوان صدر میں پرویز الٰہی سے عہدے کا حلف لیا تھا۔