لاہور: چوہدری پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے بعد ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت مستعفی ہو گئے ہیں جبکہ کئی اہم تقررے اور تبادلے بھی کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر فیصلہ چوہدری پرویز الٰہی کے حق میں آنے کے بعد رات گئے صدر مملکت عارف علوی نے ان سے عہدے سے حلف لیا۔
چوہدری پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت مستعفی ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو ارسال کر دیا ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ نبیل اعوان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نبیل اعوان کو پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب تعینات کرنے کے علاوہ عنایت اللہ لک کو سیکرٹری پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عنایت اللہ لک پنجاب اسمبلی میں بطور سیکرٹری پارلیمانی امور ذمہ داری انجام دے رہے ہیں تاہم ان کی بطور سیکرٹری پنجاب تعیناتی کا نوٹیفکیشن آج جاری کر دیا جائے گا۔