صدر مملکت سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

09:57 PM, 27 Jul, 2021

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم مسلمانوں پر بھارتی ظلم و ستم پر روشنی ڈالی۔ 

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگ یا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تمام شعبوں میں تعلقات کی موجودہ سطح کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، تجارت، معیشت کے شعبے میں مزید پیش رفت کیلئے دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی سطح پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان برادر ملک کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، سعودی قیادت کا وژن 2030، سرسبز سعودی عرب اور سرسبز مشرق وسطی منصوبے لائقِ تحسین ہیں،کورونا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں، عالمی وبا کے دوران حج کے کامیاب انتظامات پر سعودی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔

اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم مسلمانوں پر بھارتی ظلم و ستم پر روشنی ڈالی ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو خود ارادیت دے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ خادمین حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان تک میری نیک تمنائیں پہنچائیں، امید ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورے سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو ں گے۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین حقیقی طور پر برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب دو طرفہ تعاون کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے،سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، ،دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں