مسلم لیگ (ن) کو اپنی بُری شکست کو تسلیم کر لینا چاہئے، فواد چودھری

05:19 PM, 27 Jul, 2021

اسلام آباد: فواد چودھری نے کہا ن لیگ اپنی شکست تسلیم کر لے اور سابق وزیراعظم آزادک شمیر رو ،رو کر بتا رہے تھے کہ وہ ہار گئے ہیں تاہم ن لیگ کہتی ہے دھاندلی ہوئی ہے تو پھر الیکٹرانک ووٹنگ کی طرف کیوں نہیں آتے۔ 

وزیراطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ن لیگ کو اپنی بری شکست کو تسلیم کرلینا چاہئے اور آزاد کشمیر میں وزیراعظم اور الیکشن کمشنر بھی ن لیگ کا تھا جبکہ یہ کہتے ہیں دھاندلی ہوئی ہے تو پھر حل ہے ٹیکنالوجی کی طرف بڑھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیرالیکشن میں کامیابی عوام کےاعتماد کا مظہر ہے اور الیکشن کے دوران شہید جوانوں، کارکنوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کیا جائے۔

انہوں نے بتایا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پروٹوکول سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی اور ججز کی سیکیورٹی کا معاملہ 1600 سے 1700 ملین تک چلا جائے گا جبکہ وفاق میں صدر، وزیراعظم اور سرکاری وزرا کی سیکیورٹی پر 70 کروڑ سالانہ خرچ ہوتے ہیں اور پنجاب میں سیکیورٹی انتظامات پر 2529 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی انتظامات پر 953 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان کےعلاوہ باقی 3صوبوں میں عدلیہ کی سیکیورٹی پر1400 ملین خرچ ہوتے ہیں۔ 

فواد چودھری نے کہا وزیراعظم نے سیکیورٹی اخراجات میں اضافے کے پیش نظر نیا سیکیورٹی نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور نیا سیکیورٹی نظام وضع کرنےکیلئے تھریٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جبکہ کابینہ کو انتخابی اصلاحات میں پیش رفت سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے بابر اعوان نے بریفنگ دی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ کو ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے میں حائل مشکلات بارے آگاہ کیا گیا جبکہ وفاقی کابینہ نے کاروبار شروع کرنے میں آسانی کیلئے فرسودہ قوانین کے خاتمے کیلئے سرمایہ کاری بورڈ کو اختیار دیا کیونکہ ملک میں کاروباری عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور بیرون ملک سرمایہ کاری کے لئے بھی مؤثر نظام بنانا چاہتے ہیں جبکہ نیب قانون سے متعلق بھی اپوزیشن کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں۔ 

فواد چودھری نے کہا وفاقی کابینہ کی جانب سے پہلی سائبر سیکیورٹی پالیسی اور میڈیا اشتہارات پالیسی 2021 اور پہلی بار ڈیجیٹل میڈیا کیلئے اشتہارات کی منظوری دی ہے۔ 

مزیدخبریں